نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا خصوصی اجلاس

12

 

لاہور، 30اکتوبر(اے پی پی ):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت پنجاب کی نگران کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب کی نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ نگران حکومت کے اب تک کے دورانیے میں صحت، مواصلات، تعلیم اور دیگر شعبوں میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ توانائی کے شعبے میں ترقی کے لیے بائیو گیس کی پیداوار کے منصوبوں جیسے جدید  منصوبوں  پر کام جاری ہے۔ اجلاس میں وزیراعظم کو پنجاب میں نفاذ قانون اور انصاف کی فراہمی کی صورتحال کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو انصاف کی فراہمی غیر جانبدار اور یقینی بنانے کے لیے مقامی پولیس افسران کے پورے ملک میں تقرریوں اور تبادلوں کے لیے پالیسی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بین الصوبائی سرحدوں پر نفاذ قانون کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کچے کے علاقوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کارروائیوں پر حکومت پنجاب کو سراہا۔

اجلاس میں پنجاب کے مواصلاتی نظام کے حوالے سے لیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، جن میں لاہور رنگ روڈ کے جنوبی حصے (SL-3)، گجرانوالہ لاہور سیالکوٹ موٹر وے اور شاہدرہ میں نئے تعمیر شدہ پل جیسے منصوبے سر فہرست ہیں۔ وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو مواصلاتی نظام میں بہتری کی کوششوں پر سراہا۔

 وزیراعظم نے پنجاب حکومت کو خصوصی بچوں کے لیے تعلیمی ادارے تعمیر کرنے پر بھی سراہا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت اب تک وراثت میں ملا 629 ارب روپے کا قرضہ اتار چکی ہے اور زرعی شعبے میں 76 ارب روپے کے اضفی فنڈز مختص کیے جا چکے ہیں۔ وزیراعظم کو دیہات میں ترقیاتی اقدامات اور مزہبی سیاحت کے فروع کے لیے اقدامات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

 پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں لیے گئے اقدامات کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو پنجاب میں نرسوں کی تعداد دگنی کرنے اور انہیں بیرون ملک ملازمت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے تین دن میں این او سی کے اجراء کی پالیسی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

 وزیر اعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو بتایا کہ لاہور میں سموگ کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی کاشت کے بعد باقیات کو نزر آتش کرنا ہے۔ وزیراعظم نے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو فصلوں کو نذر آتش کرنے سے پیدا ہونے والے دھوئیں کا مسئلہ بھارت کے ساتھ سفارتی سطح پر اٹھانے کا یقین دلایا۔

وزیراعظم نے سید محسن رضا نقوی کی زیر قیادت پنجاب حکومت کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو سراہا۔

اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن رضا نقوی، پنجاب کی نگران کابینہ کے ارکان اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔