پنجاب حکومت کا آئندہ 4ماہ کے لئے 2076.2 ارب روپے کا بجٹ منظور،351 ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کی منظوری

31

 

لاہور،30اکتوبر  (اے پی پی):وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت پیر کو  وزیر اعلی آفس میں پنجاب کابینہ کا31 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب حکومت کے رواں مالی سال کے آئندہ 4 ماہ نومبر2023 تا فروری2024 کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے آئندہ 4 ماہ کیلئے 2076.2 ارب روپے کے بجٹ کی منظوری دی۔کابینہ نے 351  ارب روپے کے ترقیاتی اخراجات کی بھی منظوری دی۔

اجلاس میں صوبے کے عوام کو  ریلیف دینے کے لئے 50 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے صحت کے شعبہ میں 208  ارب روپے اور تعلیم کے شعبہ میں  222   ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی جبکہ زرعی شعبہ کی ترقی کے لئے 10 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔کابینہ نے نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے لئے 1 ارب  80 کروڑ روپے مختص کرنے کا فیصلہ کیا اور پنجاب ٹیکسٹ بکس کے لیے 5 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنج سے نمٹنے کے لئے 7 ارب 30 کروڑ روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔سیکرٹری خزانہ نے آئندہ 4 ماہ کے بجٹ کے اہم خدوخال کے بارے میں بریفنگ دی اور پنجاب حکومت کی مالیاتی  پوزیشن اور سرپلس وسائل کے بارے میں کابینہ ممبران کو آگاہ کیا۔سیکرٹری خزانہ نے بریفنگ میں بتایا  کہ پنجاب حکومت مالیاتی طور پر مضبوط اور مستحکم ہے اور پنجاب حکومت کا بجٹ خسارے میں نہیں بلکہ سر پلس ہے۔پنجاب کابینہ نے ورکرز کی کم از کم اجرت 32 ہزار روپے کا  اطلاق یکم جولائی 2023 سے کرنے کی منظوری دی۔

اجلاس میں انسداد سموگ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اورپنجاب بھر خصوصا شیخوپورہ،ساہیوال،گوجرانوالہ، حافظ آباد،لاہور اور قصور میں انسداد سموگ اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ انسداد سموگ اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر ز دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں اور اینٹوں کے بھٹوں کے خلاف موثر کریک ڈائون کریں۔تعمیراتی منصوبوں اور زیر تعمیر عمارتوں کے باہر باقاعدگی سے پانی کا چھڑکائو کیا جائے۔فصلوں کی باقیات جلانے پر پابندی  کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

کابینہ نے پنجاب پرائس کنٹرول برائے اشیائے ضروریہ آرڈیننس 2023 کی منظوری دی۔پنجاب کابینہ نے 4 ماہ کے بجٹ کی تیاری پر سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔

صوبائی وزرا، مشیران،چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب،چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سیکرٹریز اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔