نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی پولٹ بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن کی ملاقات، دوطرفہ سیاسی و اقتصادی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

14

بیجنگ۔18اکتوبر  (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور چین کی کمیونسٹ پارٹی کی پولٹ بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی سی کے مرکزی کمیشن برائے ڈسپلن انسپیکشن کے سیکرٹری لی شی نے دونوں ممالک کے درمیان  سیاسی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ ، اقتصادی تعاون بالخصوص  سی پیک پر بھرپور طریقے سے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ بدھ کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق نگراں وزر اعظم انوار الحق کاکڑ کی چین کی کمیونسٹ پارٹی  کی پولٹ بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور سی پی سی کے مرکزی کمیشن برائے ڈسیپلن انسپیکشن کے سیکرٹری لی شی سے آج بدھ کو بیجنگ میں ملاقات ہوئی۔ وزیراعظم نے لی شی کو چین کی جانب سے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے شاندار انعقاد پر مبارکباد دی اور انہیں  پولٹ بیورو قائمہ کمیٹی کا رکن منتخب ہونے پر بھی مبارکباد دی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور چین کے مابین سیاسی اور اقتصادی تعلقات بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے اہم امور پر بلامشروط تعاون پر اتفاق کیا۔ انہوں نے اقتصادی تعاون بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری  کی تعمیر پر نئے جوش و جذبے سے بھر پور توجہ مرکوز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ ملاقات میں چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانے کئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان شعبوں میں انفارمیشن و کمیونیکیشن ٹیکنالوجی، کان کنی و معدنیات، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں اضافے کے ساتھ ساتھ صنعتی تعاون اور خصوصی اقتصادی زونز کی تعمیر شامل ہیں۔ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور لی شی نے انسداد کرپشن اور مالی نظم و ضبط پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم نے لی شی کو حکومت پاکستان کے شفافیت اور شراکتی گورننس کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا اور چین کے اس حوالے سے تجربات سے مستفید ہونے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔