لاہور، 18اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی محسن نقوی ڈجکوٹ کے نواحی گاؤں میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی 6 سالہ بچی کے گھر پہنچ گئے۔وزیراعلی محسن نقوی نے کمسن بچی کے والدین اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔وزیر اعلی نے افسوسناک واقعہ پروالد اور والدہ کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی کے والدین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور غم زدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی اور حوصلہ دیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کمسن بچی کے بھائی اور 2 بہنوں کو پاس بلا کر شفقت کا اظہار کیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ آپ کو فوری انصاف دلانا میرا فرض ہے اور انشاء اللہ آپ کو انصاف دلایا جائے گا۔میرا وعدہ ہے کہ آپ کو انصاف فراہم کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ ملزم قانون کی گرفت سے نہیں بچ پائے گا۔ آپ کے ساتھ جس نے بھی ظلم کیا ہے اسے جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے بچی کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، کمشنر فیصل آباد ڈویژن، سی پی او، ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











