نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی  متعلقہ وزارتوں کو ربیع کی فصل کیلئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت

31

اسلام آباد،24اکتوبر  (اے پی پی):نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑنے متعلقہ وزارتوں کو ربیع کی فصل کیلئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت ربیع کی فصل کیلئے یوریا کی فراہمی پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ربیع کی فصل کیلئے کسانوں کو بروقت اور بلا تعطل کھاد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔وزیرِ اعظم نے کہا کہ کھاد کے بفر اسٹاک کا بھی مناسب و بروقت بندوبست کیا جائے،ضلعی انتظامیہ کھاد کی قیمتوں پر کڑی نظر  رکھے۔ اجلاس کو ملک میں کھاد کی حالیہ پیداوار اور متوقع طلب کے بارے میں بتایا گیا۔اجلاس کو کھاد کی بلاتعطل فراہمی کیلئے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ربیع کی فصل کیلئے کھاد کی بلا تعطل فراہمی کیلئے جامع لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس کو کھاد کی پیداوار کے خام مال کی قیمتوں، کھاد کی موجودہ قیمت، کھاد فیکٹریوں کو گیس کی فراہمی اور طلب کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں نگراں وفاقی وزراگوہر اعجاز، کوثر عبداللہ ملک، محمد علی، مشیرِ وزیرِ اعظم احد خان چیمہ اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔