وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے “لہو رلہور اے” ثقافتی میلے کی تقریبات کا افتتاح کردیا

12

 

لاہور، 29اکتوبر(اے پی پی): وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے جیلانی پارک میں “لہو رلہور اے” ثقافتی میلے کے تحت پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کی ثقافتی تقریبات کا افتتاح کردیا،صوبائی وزیر اظفر علی ناصر نے وزیراعلیٰ محسن نقو ی کو پنجاب کی روایتی پگ پہنائی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے دستکاریوں اور دیگر سٹالز دیکھے اور روایتی دستکاریوں کے نمونے، آرائشی و گھریلو استعمال کی اشیاء اور مٹی کے برتنوں میں گہری دلچسپی کااظہارکیا۔انہوں  نے لائیودستکاری کے نمونے بنتے دیکھے او رلکڑی سے مجسمہ تراشی کے فن کا بھی مشاہدہ کیا۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے شہریوں سے بھی بات چیت کی اوران کے تاثرات دریافت کئے۔“لہو رلہور اے” میلے میں آئے ہوئے بچوں نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کے ساتھ تصویریں اور سیلفیاں بنائیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جیلانی پارک میں لہور لہور اے فیسٹیول کے تمام سٹالزاور ایونٹس کا مشاہدہ کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے سالگرہ کا کیک کاٹا اور چائے پی۔

وزیراعلیٰ محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “لہو رلہور اے” میلہ لاہوریوں کے لئے سجایا گیا ہے،دوسرے شہروں سے آنے والے بھی فیسٹیول سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔ فلسطین کی صورتحال کے پیش نظر میوزیکل پروگرام کو منسوخ کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ “لہو رلہور اے” فیسٹول میں دستکاریوں کے سٹالز بہت عمدہ ہیں۔ ”لہور لہور اے“ فیسٹیول 16روز جاری رہے گا۔ عوام خصوصاً بچوں کی تفریح کا خصوصی اہتمام کیاگیاہے۔

صوبائی وزراء عامر میر، اظفر علی ناصر، انسپکٹرجنرل پولیس عثمان انور، سی سی پی او بلال کمیانہ،سیکرٹری ہاؤسنگ ساجد ظفر، سیکرٹری اطلاعات دانیال گیلانی،ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر رافیعہ حیدراور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔