لاہور،29اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعلی محسن نقوی نے جنرل اور میو ہسپتال کا 3 گھنٹے طویل دورہ کیا،دونوں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن پراجیکٹس کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔انہوں نے جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک اوراولڈ بلڈنگ کی اپ گریڈیشن کے تعمیراتی کاموں کاجائزہ لیالینے کے ساتھ ساتھ جنرل ہسپتال کے اولڈ بلاک اور نیو بلاک میں آپریشن تھیٹرز کی تعمیر وبحالی کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے اتاری گئی اشیا خصوصاً اے سی،لائٹس، پنکھوں او ربیڈز کا ریکارڈ مرتب کرنے کاحکم دیتے ہوئے کہا کہ تمام آلات اور اشیا کی انیونٹری تیار کی جائے، تعمیراتی کام کے دوران بیڈز او ردیگر اشیا کو محفوظ جگہ پر سٹورکیاجائے۔
وزیراعلی محسن نقوی نے اعلی معیار کی وائرنگ کی ہدایت کی۔انہوں نے ایمرجنسی بلاک کے تینوں فلور کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کاموں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں۔وزیراعلی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ فلورز، واش رومز، الیکٹریفکیشن اور ڈرینج کو ازسرنو بحال کیاجائے گا۔انہوں نے جنرل ہسپتال میں شہری کی شکایت پر ٹیسٹ باہر سے کرانے پر برہمی کا اظہار کیا اورہسپتال انتظامیہ کو ٹیسٹ کے پیسے شہری کوواپس کرنے کاحکم دیا۔
وزیراعلی محسن نقوی جنرل ہسپتال کے دورے کے بعد میو ہسپتال پہنچ گئے۔انہوں نے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کاجائزہ لیا، آپریشن تھیٹرز،کنسلٹنٹ روم اوراستقبالیہ ایریاکا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی چاروں فلور پر گئے اور جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیراعلی نے کہا کہ دونوں ہسپتالوں میں 250، 250 بیڈز پر مشتمل سٹیٹ آف دی آرٹ ایمرجنسی بلاک بنایا جارہاہے۔