وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ کی زیر صدارت اجلاس ، پاکستان ریلویز کی خود انحصاری کے منصوبے پر غور کیا گیا

19

اسلام آباد، 03 اکتوبر(اے پی پی):وفاقی وزیر ریلوے، مواصلات اور میری ٹائم، شاہد اشرف تارڑ کی زیر صدارت وزارت ریلوے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا،جس میں پاکستان ریلویز کی خود انحصاری کے منصوبے پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے میں وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ  نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی بحالی اور توسیع کے لیے تین جہتی حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں، ان میں حفاظت، کارکردگی اور خود انحصاری شامل ہیں، پاکستان ریلوے نے لاگت میں کمی اور ریونیو بڑھانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان ریلوے میں انتظامی اور آپریشنل شعبوں میں بہتری کا عمل جاری ہے جس سے کارکردگی میں بہتری کی امید ہے۔

وفاقی وزیر شاہد اشرف تارڑ  نے کہا کہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری کے ذریعے موجودہ انفراسٹرکچر، رولنگ اسٹاک، فیکٹریوں اور ریلوے اسٹیشنوں کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹرین کا سفر پاکستان کے مختلف خطوں میں رہنے والے لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے اس کے علاوہ عوام کے آرام دہ سفر کا ترجیحی انتخاب بھی ہے۔