ملتان،24 اکتوبر (اے پی پی):ویمن یونیورسٹی ملتان کی 548 طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کردیئے گئے،ترجمان کے مطابق وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے 548 طالبات کو لیپ ٹاپ دیئے گئے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرز کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس کی مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرمحترمہ کرن شہزادی تھیں جبکہ مہمان اعزاز وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اے ڈی سی محترمہ کرن شہزادی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی دور حاضر کی ناگزیر ضرورت ہے انہوں نے طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ان لیپ ٹاپ کا صحیح استعمال کر کے علم وہنر کے میدان میں انقلاب برپا کریں یہی وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم کا وژن ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ محض ایک ڈیوائس ہے، اسکا مثبت استعمال ہی طلبا کی تخلیقی اورتحقیقی صلاحیتوں کو بڑھاتا ہے۔ نصابی سرگرمیوں کے لیے لیپ ٹاپ ایک بہترین ڈیوائس ہے، اسمارٹ فون کا زیادہ استعمال تعلیمی سرگرمیوں میں زیادہ مفید نہیں ہے لیپ ٹاپ دینے کا مقصد ہے کہ آپ اس کے مثبت استعمال سے اپنی ذہنی اور تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کریں، اسے ایک طرف نہ رکھیں بلکہ استعمال میں لائیں طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم در حقیقت کمیونٹی سروس اور ریسرچ کے لیے ہے ایسے اقدامات ترقی پسند اور علم پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے، حکومت کا علم پر مبنی معاشرے کی تعمیر کے لئے ایک فعال قدم ہےیہ اقدام ڈیجیٹل تبدیلی کی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل کی نشاندہی کرتا ہے ایچ ای سی کے معزز نمائندے جناب بابر رشید نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ پہلے فیرز میں ہم ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر مرحلے پر قدم پر تصدیقی عمل کو یقینی بنایا گیا ہے اور میرٹ کے مطابق اہل طلباء کو لیپ ٹاپ سکیم کے لیے منتخب کیا جاتا ہے۔