ٹنڈومحمدخان؛ تعلیم کے فروغ کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، سماجی شخصیات

13

 

ٹنڈومحمدخان،24اکتوبر(اے پی پی): ٹنڈومحمدخان شہر کے معروف سماجی شخصیات پیر فیصل جان سرہندی، وقار میمن، آمین اللہ خان اور پیر جمال جان سرہندی نے کہا ہے  کہ تعلیم کے فروغ کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں، تعلیم کے فروغ کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان کے گورنمنٹ پرائمری اسکول کریم آباد میں دو سو سے زائد طلباء و طالبات میں اسکول یونیفارم تقسیم کئے جانے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے لیے غریب بچوں کی بھرپور مدد ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے،مستحق غریب طلباء کی مدد کر کے ہم ان کے لئے حصول علم میں آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پیارے نبی پاکﷺنے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا ہے ہم اپنے نبی کے بتائے ہوئے اصولوں پر عمل پیرا ہوکر مستحق طلباء و طالبات کی مدد کر کے ان کے لئے آسانیاں پیدا کر سکتے ہیں، ہم سب کا فرض ہے کہ اپنے گردونواح میں جو بچے غربت کے باعث تعلیم کے حصول سے محروم ہیں ان کی دیکھ بھال کرکے اسکولوں میں داخل کروائیں تاکہ وہ معاشرے میں اپنا بہترین کردار ادا کر سکیں۔

اس موقع پر اسکول کے ہیڈ ماسٹر عارف قریشی ، اساتذہ دانش خلجی، عبدالرحیم شیخ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔