ٹوبہ ٹیک سنگھ،24اکتوبر(اے پی پی ):نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ کا اچانک دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اورانسپکٹر جنرل پولیس عثمان انور بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی،میڈیکل، بچہ وارڈ اوردیگرشعبوں کا معائنہ کیا ۔انہوں نے مریضوں کی خیریت دریافت کی،مفت ادویات اورمفت ٹیسٹ کی سہولت کے بارے میں پوچھا۔مریضوں نے ہسپتال میں مہیا کردہ طبی سہولتوں پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور کہا کہ ادویات بھی مل رہی ہیں اورٹیسٹ بھی ہسپتال میں ہورہے ہیں۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال میں علاج معالجے کی فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عام آدمی کو معیاری علاج معالجے کی فراہمی کیلئے لاہور سمیت دوردراز کے شہروں کے ہسپتالوں کے دورے کررہا ہوں۔ہسپتالوں میں ہیلتھ کیئر کی سہولتوں کی بہتری مشن ہے اورپوری ٹیم ملکر دن رات ایک کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ جتنا بھی وقت ہے دکھی انسانیت کی خدمت میں صرف کررہے ہیں، عام آدمی کے دکھ کم کرنے سے دلی سکون ملتاہے۔