پاکستانی فٹبال کھلاڑی محنت کررہے ہیں ، کمبوڈیا کے خلاف اچھی کارکردگی کی توقع ہے،ہیڈ کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن

34

اسلام آباد،16اکتوبر  (اے پی پی):پاکستان فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن نے کہا ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بہت محنت کررہے ہیں اور کمبوڈیا کے خلاف اچھی کارکردگی کی توقع ہے۔

ان خیالات کا انہوں نے  پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان فٹبال ٹیم کے لئے (کل) منگل کو کمبوڈیا کے خلاف اسلام آباد میں کھیلا جانے والا اہم میچ ہوگا اور پاکستانی ٹیم کمبوڈیا کیخلاف بہتر کھیل کے لئےپر امید ہے۔انہوں نے کہا کہ8 سال کے بعد  یہ انٹرنیشنل میچ ہونے جا رہا ہے اور ہماری توجہ صرف جیت پر مرکوزہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پروفیشنل فٹبال لیگ ناگزیر ہے، اگر پروفیشنل لیگ نہیں ہوگی تو پھر اچھا مستقبل نہیں ہوگا۔

  کوچ سٹیفن کانسٹینٹائن نے مزید کہا کہ بھارت میں دہری شہریت کے حامل فٹبالرز کو ٹیم کی نمائندگی کرنے کی اجازت نہیں ہے،پاکستان کے دہری شہریت کےکھلاڑیوں کو فیڈریشن نے اجازت دے رکھی ہے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت میں پروفیشنل فٹبال لیگ کی وجہ سے بہتری آئی ہے، پاکستان میں پروفیشنل لیگ کا نہ ہونا پریشان کن ہے ۔

اس موقع پر پاکستان فٹبال ٹیم کے گول کیپر یوسف بٹ نے کہا کہ ہوم گرائونڈ میں پہلی بار کھیل کر خوشی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 11 سال کے بعد ہم حریف کو پریشر میں لائیں گے، کمبوڈیا کیخلاف اٹیک کریں گے۔

 کمبوڈیا کے ہیڈ کوچ فیلیکس دلماس نے کہا کہ مہمان نوازی پر خوشی ہوئی ہے اور پاکستان کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کی منصوبہ بندی تیار کرلی ہے اور اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔

 واضح رہے کہ پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان پہلا میچ برابر 1-1 سے برابر رہا تھا۔