پاکستان اور پولینڈ کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی کی جنگ لڑنے کیلئے ٹیکنالوجی کی شیئرنگ یقینی بنانا ہو گی؛پولش سفیر

29

لاہور،26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان میں تعینات پولینڈ کے سفیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان ماحولیاتی تبدیلی کی جنگ لڑنے کیلئے ٹیکنالوجی کی شیئرنگ یقینی بنانا ہو گی، دونوں ممالک کو مابین ماحولیات کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مل جل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پولینڈ کے سفارتخانے کی جانب سے منعقدہ  3 روزہ بین الاقوامی کانفرنس برائے” پاک واٹر اینڈ انرجی،فوڈ ،انوائر منٹ ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پولینڈ نے پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اس کانفرنس کا مقصد پولش واٹر ٹیکنالوجی کو پاکستان میں متعارف کروانا ہے۔نمائش میں مختلف پولش کمپنیوں نے واٹر ٹیکنالوجی سے متعلقہ جدید آلات اور ٹیکنیکل مصنوعات کے سٹالز لگا رکھے ہیں۔

کانفرنس کے شرکا کا کہنا تھا کہ پاکستان کو مستقبل میں پانی کی کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، اربن ایریاز میں پانی کے تحفظ کیلئے اقدامات کی اشد ضرورت ہے جبکہ اربن فلڈنگ بھی ایک چیلنج ہے جس سے نمٹنے کی بھی ضرورت ہے۔شرکا نے کہا کہ پاکستان میں زراعت میں ڈرپ اریگیشن کے استعمال سے پانی کا ضیاع کم ہوتا ہے جبکہ پانی کے محتاط استعمال کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے تا کہ پانی کے ضیاع سے بچا جا سکے اور پانی کو ذخیرہ کرنے سمیت گندے پانی کو دوبارہ استعمال میں لانے کیلئے بھی اقدامات کئے جا سکیں ۔

شرکا کا مزید کہنا تھا کہ پانی کے درست استعمال ،ویسٹ واٹر مینجمنٹ اور ٹریٹمنٹ کیلئے پالش مصنوعات نہایت کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں، ان مصنوعات کی مدد سے ماحولیاتی آلودگی اور پانی سے نمک کو نکالنے سمیت پانی کو پینے کے قابل بنانیکے لئے مدد حاصل کی جا سکتی ہے۔