پاکستان کا آئین تمام مذہبی اقلیتوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے؛گورنر بلوچستان

36

 

کوئٹہ،30اکتوبر(اے پی پی):گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا ہے کہ ایک ہی ملک کے اندر رہتے ہوئے ہمیں بلاامتیاز تمام شہریوں کے حقوق و اختیارات کی پاسداری کو برابری کی بنیاد پر یقینی بنانا ہوگا کیونکہ پاکستان کا آئین ہی پاکستان کی تمام مذہبی اقلیتوں سمیت تمام شہریوں کو مساوی حقوق، مذہبی آزادی اور اظہار رائے کا حق دینے کا ضامن ہے، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بین المذاہب ہم آہنگی کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک خوش آئند اقدام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ اسکندر جمالی آڈیٹوریم میں بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نگران صوبائی اطلاعات جان اچکزئی،سردار ذہین العابدین خلجی، جید علماءکرام و مشائخ، دیگر مذاہب کے سرکردہ افراد اور سول سوسائٹی کے نمائندوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔

 گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ رب العالمین ہے وہ تمام انسانوں کا خالق ہے، یہ حقیقت ہے کہ ہماری اولین شناخت بطور انسان ہے اسطرح جغرافیائی، نسلی، لسانی اور مذہبی تقسیمِ بعد کی باتیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جو چیلنجز درپیش ہیں اس کیلئے ہمیں ملک وصوبے کو امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کیلئے بھائی چارے، اختلاف رائے کا احترام، مذہبی رواداری اور ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا۔

 انہوں نے کہا کہ ملک اور صوبوں میں تمام اقلیتوں  کیجانب سے   زندگی کے مختلف شعبوں میں گرانقدر خدمات ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ بھی آپ ملک و صوبے کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہیں گے۔

 تقریب سےنگران صوبائی اطلاعات جان اچکزئی، سردار ذہین العابدین خلجی، جید علماءکرام نے بھی خطاب کیا۔