پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے؛چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

16

اسلام آباد،20اکتوبر  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ  پاکستان کینیڈا کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔پاکستان کینیڈا کے ساتھ دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے،دوطرفہ تعاون کے فروغ سے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر لیسلی اسکینلن سے گفتگو میں کیا، جنہوں نے جمعہ کو یہاں چیئرمین سینیٹ سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، تجارتی و سماجی روابط کو بڑھانے کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور سمیت مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ، کاروباری طبقے کو ایک دوسرے کے قریب لانے کی اشد ضرورت ہے۔ عوامی، تجارتی و پارلیمانی سطح پر دوطرفہ تعاون کے فروغ سے پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، کینیڈا کے سرمایہ کار وتاجر پاکستان میں سرمایہ کاری کے موجود مواقعوں سے مستفید ہوں۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین کمپنیز کی بلوچستان میں سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہتے ہیں،کینیڈین کمپنی بیرک گولڈکی چاغی میں سرمایہ کاری سے روزگار کے بے شمار مواقع میسر ہوئے ہیں، بلوچستان میں پائی جانے والی معدنیات ملکی معیشت کی بحالی میں اہم کردارادا کر سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان معدنی وسائل سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائے، کینیڈین کمپنیوں کو چاغی میں مزید سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کینیڈا کی قیادت اور عوام کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نسلی امتیاز سے پاک، انصاف اور مساوات پرمبنی رویے  عالمی امن کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کے لئے بین الاقوامی برادری موثر اقدامات اٹھائے۔غزہ میں معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی ظلم و بربریت کو روکنے کے لئے تمام ممالک کو نہ صرف موثر آواز اٹھانی چاہیے بلکہ مشترکہ لائحہ عمل اختیار کر کے غزہ پر بڑھتی ہوئی اسرائیلی دہشت گردی کو ختم کرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق ہونا چاہیے،انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ترقی یافتہ ممالک موثر حکمت عملی اختیار کریں۔انہوں نے قدرتی آفات سیلاب اور زلزلے کے دوران کینیڈاکی جانب سے دی گئی امداد پر شکریہ ادا کیا۔

 کینیڈین ہائی کمشنر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ فلسطین کو جلد سے جلد حل کرانا چاہے تاکہ معصوم فلسطینیوں کی آزمائش کی گھڑی ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار جانی و مالی قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کیا جائے۔

ملاقات کے دوران سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔