پشاور، 24اکتوبر(اے پی پی): محکمہ خوراک نے گرانفروشی پر پشاور میں قائم بڑے مالز کے منیجرز سمیت 17 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ اور کمال احمد نے حیات آباد،دلہ زاک روڈ، بڈھ بیر اور متنی میں اشیائے خوردونوش کی دکانوں میں نرخوں بارے آگاہی حاصل کی جبکہ مختلف اشیاء کے معیار اور ایکسپائری کو بھی چیک کیا۔
سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے پر حیات آباد میں قائم انصاف سپر سٹور، بلال سپر سٹور، ڈی واٹسن اور ودود سنز کے منیجرز کو گرفتار کرلیا جبکہ دلہ زاک روڈ، بڈھ بیر اور متنی سے 13 گرانفروشوں کو گرفتار کرلیا جن میں سبزی و پھل فروش،دودھ و دہی فروش، نانبائی، قصائی اور دیگر شامل ہیں۔
راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرا نفروشوں کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ گرانفروشوں کیخلاف آپریشن نواحی علاقوں میں بھی جاری رہے گا۔گرانفروش شہر کے کسی بھی کونے میں ہوں محکمہ خوراک کے شکنجے سے بچ نہیں سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بڑے بڑے مگر مچھ خود کو قانون سے اوجھل نہ سمجھے جو بھی گرانفروشی میں ملوث پایا گیا ان کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔











