پشین ،24 اکتوبر ( اے پی پی ): ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر نسیم کٹکے زئی نے کہا ہے کہ پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اس سے بچاؤ کےلیے اپنے (5)سال تک کےعمر کے بچوں کو ہر مہم کے دوران پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشین ڈاکٹر نسیم کٹکے زئی نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کا عالمی دن ہمیں اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ ہمیں ناصرف پشین بلکہ پاکستان بھر کے تمام بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھنی یے۔
ڈاکٹر نسیم کٹکے زئی نے کہاکہ پولیو کے خاتمے کےلیے جو رضاکار کام کررہے ہیں وہ قوم کے حقیقی ہیرو ہیں۔انہوں نے والدین سے درخواست کی کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشین ڈاکٹر نسیم کٹکے زئی نے کہاکہ آنے والی نسلوں کو معذوری سے بچاؤ اور ملک کو پولیو فری بنانے کےلیے حکومت کے ساتھ ساتھ شہریوں , علماء اکرام ، سول سوسائٹی نمائندوں اور میڈیا کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔