پی ایچ اے راولپنڈی پارکوں کی بہتری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے ؛ڈی جی احمد حسن

22

راولپنڈی، 26 اکتوبر (اے پی پی): ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) راولپنڈی احمد حسن رانجھا نے کہا ہے کہ اتھارٹی شہر کو صاف ستھرا اور سرسبز بنانے اور پارکوں کی ترقی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام کو تمام پارکوں کی تزئین و آرائش کا کام کم سے کم وقت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارکوں کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے علاوہ ناقص لائٹس، جھولوں اور واکنگ ٹریک کی مرمت کے لیے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل احمد حسن رانجھا نے کہا کہ پی ایچ اے افسران کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹاؤن کے تمام پارکوں میں عوام کو بہترین تفریحی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی فضائی آلودگی کو کم کرنے اور شہر کو سرسبز بنانے کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے زیادہ سے زیادہ پودے لگا رہا ہے اور خاص طور پر شہر کے پارکوں اور گرین بیلٹس میں ہریالی کو بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایچ اے راولپنڈی کل 53 پارکس کی دیکھ بھال کر رہا ہے جن میں چار بڑے پبلک پارکس، علامہ اقبال پارک، راول روڈ پارک، لیاقت باغ اور پوٹھوہار پارکس شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑے پارکوں میں روزانہ اوسطاً 1500 سے 2000 کے قریب لوگ آتے ہیں جبکہ ویک اینڈ پر یہ تعداد 4000 سے 5000 تک بڑھ جاتی ہے۔

 احمد حسن رانجھا نے کہا کہ مزید گرین ایریاز تیار کیے جا رہے ہیں اور شہر کے مختلف علاقوں میں خوبصورتی کے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم مری روڈ کو بہتر بنانا چاہتے ہیں جس میں پرائیویٹ سیکٹر کی کمپنیاں اور سپانسرز ہمارے ساتھ شامل ہوں۔