لاہور، 8 اکتوبر(اے پی پی): پی ڈی ایم اے کی جانب سے 8 اکتوبر کی مناسبت سے ناصر باغ سے لیکر ٹاؤن ہال تک آگاہی ریلی نکالی گئی۔8اکتوبر قدرتی آفات سے بچاﺅ اور آگاہی کے قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے عمران قریشی نے کہا کہ 8اکتوبر 2005ءپاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ، ایک لاکھ اموات ، کل تیس لاکھ شہری متاثر ہوئے ۔ترجمان نے کہا کہ 8اکتوبر قدرتی آفات سے بچاﺅ اور آگاہی کا قومی دن منایا جاتا ہے ۔ 8اکتوبر کے زلزلے کی یادیں کشمیر ،کے پی کے سمیت پورے ملک کیلئے تکلیف دہ ہیں۔انھوں نے کہا کہ بچھڑ جانے والوں کیلئے دعا کے ساتھ یہ دن ہمیں قدرتی آفات سے نمٹنے کی ترغیب بھی دیتا ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کو 9 سے 13 اکتوبر کے درمیان بھرپور آگاہی مہم چلانے کی ہدایات کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کی زیر نگرانی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ صوبہ بھر میں سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ بچوں کو قدرتی آفات سے بچاؤ کے حوالے سے آگاہ کرے گا۔ انھوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔ ریسکیو اداروں کے ساتھ رابطے کا ایک منظم سسٹم موجود ہے ۔انھوں نے کہا کہ 8 اکتوبر دن کا مقصد عوام کو احتیاطی تدابیر اوربچاﺅ کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا ہے ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ زلزلہ ، سیلاب، آندھی ، طوفان،وائرل انفیکشن یہ سب قدرتی آفات کے زمرے میں آتے ہیں۔ آفات کا مقابلہ معمول سے ہٹ کر اقدامات سے کیا جا سکتا ہے ۔ سیلاب کی صورت میں احتیاطی تدابیر سے جانی و مالی نقصان سے بچا جاسکتا ہے ۔حالیہ سیلاب میں بر وقت اقدامات سے کو ئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24/7 الرٹ ہے ۔ شہری ایمرجنسی کی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔











