ڈیرہ غازی خان میں 4 روزہ “صحت آگاہی پروگرام” کا آغاز

8

 

ڈیرہ غازی خان،23اکتوبر(اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں 4 روزہ “صحت آگاہی پروگرام” کا آغاز ہو گیا ہے  ۔اس حوالے سے قائم مقام ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان میاں رضوان نذیر نے آرایچ سی سرور والی میں  پروگرام کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال تونسہ،کوٹ چھٹہ،دیہی مراکز صحت وہوا، بارتھی،ٹبی قیصرانی،شادن لنڈ، کالا،شاہ صدردین،سروروالی، چوٹی زیرین،قادرآباد، بی ایچ یو ریتڑہ،چھابڑی زیریں، مانہ احمدانی میں” صحت آگاہی پروگرام”26اکتوبر  تک جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس آگاہی پروگرام کے تحت ڈیجیٹل رجسٹریشن کے ذریعے ای ایم آرایپلیکیشن، کلینیکل ہسٹری،بنیادی معائنہ(فزیکل پیرامیٹرز)کیمپ ہیموگلوبن،شوگر ٹیسٹ،ہیپاٹائٹس بی اور سی،ایچ آئی وی کی سکریننگ اور ملیریا کے فری ٹیسٹ کئے جائیں گے۔اس کے علاوہ پھیپھڑوں کی صحت، ٹی بی سکریننگ،حاملہ خواتین کا چیک اپ،فری الٹراساؤنڈ اور دوسال سے کم عمر بچوں کی ویکسین،کونسلنگ اور طبی رہنمائی فراہم کی جائیگی۔

میاں رضوان نذیر نے کہاکہ حکومت پنجاب کا صحت تحفظ ہفتہ شہریوں کی صحت جانچنے کا ایک اہم اقدام ہے،اس ہفتہ کے دوران ضلع ڈیرہ غازیخان کے شہری اپنا اور اپنے عزیزوں کا ہیلتھ مراکز سے ٹیسٹ کروائیں اور طبی سہولیات سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہوں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد چانڈیہ،چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ادریس لغاری ودیگر افسران بھی موجود تھے۔