ڈیرہ غازی خان،7 اکتوبر( اے پی پی): ڈی جی خان ڈویژن میں خوراک کے نام پر زہر بیچنے والوں کیخلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بھرپور کارروائیاں جاری ہیں،540لٹر مضر صحت دودھ اور 100 کلو گرام غیر معیاری مرچیں تلف کر دی گئیں۔
ترجمان فوڈاتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ جہانگیر انور کی ہدایت پر ملاوٹ مافیا کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہے، فوڈ سیفٹی ٹیم نے رنگ پور روڈ مظفرگڑھ میں واقع ملک کولیکشن سنٹر پر چھاپہ مارا اور ٹیسٹ کے دوران دودھ میں پانی کی ملاوٹ پائی گئی،دودھ کی خریدوفروخت کا کوئی ریکارڈ واضح نہ کیا گیا،غیر معیاری دودھ بیچنے پر ملک کولیکشن سنٹر مالکان کو 14 ہزارروپے جرمانہ کرنے کے علاوہ 540 لیٹر دودھ تلف کر دیا گیا،اس کے علاوہ کلمہ چوک لیہ میں کریانہ سٹور کو ناقابلِ سراغ،ملاوٹی مرچیں فروخت کرنے پر 10 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیا اور 100 کلو گرام غیر معیاری مرچیں تلف کر دی گئیں۔
اس حوالے سے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی عوام کی صحت کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ملاوٹ مافیا کیخلاف مسلسل کارروائیاں جاری ہیں اور عوام شکایات کی صورت میں ہم سب رابطہ کرے۔











