ڈیرہ غازی خان،22 اکتوبر( اے پی پی ): کمشنر ڈی جی خان ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ڈی پی او احمد محی الدین کے ہمراہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ کیا۔اس موقع پرانہوں نے بستی سہرانی واقعہ کے زیر علاج زخمی پولیس جوانوں کی عیادت کی۔
انہوں نے پولیس جوانوں کی حوصلہ افزائی کی اورکہا کہ حکومتی رٹ برقرار رکھنے کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرنے والے پولیس جوان ہمارے ہیرو ہیں،کمشنر نے ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کو زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کی ہدایت کی اور ٹیچنگ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات بھی دیکھے۔
کمشنر نے ڈی پی او کے ہمراہ میپکو کمپلیکس کا بھی دورہ کیا،انہوں نے میپکو افسران اور ملازمین سے ملاقات کی، کمشنر نے کہا کہ ڈی جی خان ڈویژن میں بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں گے،بجلی چوری کا بوجھ میٹر لگوانے اور بل ادا کرنے والے عام صارف کیوں اٹھائیں،ڈی جی خان ڈویژن کو بجلی چوری سے فری کریں گے،بجلی چوروں کے خلاف میپکو افسران اور ملازمین کو انتظامیہ،پولیس اور ریاست کی مکمل سپورٹ ملے گی۔
کمشنر نے کہا کہ پولیس کیلئے کوئی نو گو ایریا نہیں، ڈی پی او احمد محی الدین نے کہا کہ ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کیلئے قانون کے تحت ہر ممکن کارروائی کریں گے،بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے کسی بھی دباو کو خاطر میں نہیں لایا جائے گا۔
ایس ای میپکو نے کہاکہ پولیس نے 150 میپکو ملازمین کو بحفاظت ریسکیو کیاہے،انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں نے اپنے فرض کی ادائیگی کیلئے قربانیاں دی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب ڈیرہ غازی خان کے نواحی علاقے بستی سہرانی میں میپکو ملازمین اور پولیس نے بجلی چوری کے خلاف کریک ڈاون کیا تو اہل علاقے مزاحمت کرتے میپکو ملازمین اور پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر تشدد کیا۔