ڈی جی خان؛ بجلی چوروں کیخلاف گھیرا تنگ ،ستمبر میں2 ہزار سے زائد مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی، مقدمات درج،جرمانے عائد

12

ڈیرہ غازی خان ،یکم اکتوبر(اے پی پی): ڈیرہ غازیخان ڈویژن میں بجلی چوروں کے خلاف گھیرا تنگ، ستمبر کے دوران دو ہزار سے زائد مقامات پر بجلی چوری پکڑی گئی،مقدمات درج کرنے ساتھ جرمانے عائد کئے گئے۔

اس حوالے سے ترجمان ضلعی انتظامیہ نے ” اے پی پی “کو بتایا کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام اضلاع مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے اور ماہ ستمبر کے دوران 2004 مقدمات پر چوری پکڑی گئی اور ان کے خلاف مقدمات درج کر کے 887 افرادکو گرفتار بھی کرلیا گیا۔ بجلی چوروں کے خلاف 30 لاکھ 63ہزار یونٹ ڈیٹکشن بل جاری کر تے ہوئے 12 کروڑ 72 لاکھ 57 ہزار روپے جرمانے عائد کر دیے گئے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ بجلی چوروں میں گھریلو صارفین کے ساتھ زرعی ٹیوب ویل اور انڈسٹریل سطح پر کی جارہی تھی،انہوں نے کہا کہ بجلی چوری روکنے کیلئے ضلعی انتظامیہ واپڈا ملازمین کے ساتھ مل کر کارروائیاں کر رہی ہے تاکہ اس بوجھ عام صارفین پر نہ پڑے اور لائن لاسز کم سے کم ہوں۔

انہوں کہا کہ6 سے 27 ستمبر تک ایرانی مصنوعات کی غیر قانونی ترسیل میں ملوث 159گاڑیاں بند کر کے 80مقدمات درج کیے گئے اور ملوث 114 افراد گرفتار کرنے کے ساتھ 7 لاکھ 25 ہزار 510لٹر ڈیزل و پٹرول ضبط کیاگیااور یہ تیل اور گاڑیاں کسٹم حکام کے حوالے کر دی گئیں۔