ڈی جی پی ایس کیو سی اے کا غیر قانونی مصنوعات کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کا اعلان, غیر رجسٹرڈ،غیر قانونی مصنوعات ضبط کر لی جائیں گی،ڈاکٹر ایچ یو خان

15

لاہور، 16 اکتوبر، (اے پی پی ): پاکستان سٹینڈرڈز اینڈکوالٹی کنٹرول اتھارٹی  نے عالمی معیار کے دن (ورلڈ سٹینڈرڈ ڈے) کی مناسبت سے پیر کو ”بہتر دنیا کے لئے ایک مشترکہ ویژن” کے عنوان سے ایک آگاہی واک کا اہتمام کیا۔جی کی سربراہی پی ایس کیو سی اے کے ڈ ائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایچ یو خان نے کی۔واک ہمدرد چوک سے شروع ہوکر پی ایس کیو سی اے کے ریجنل آفس پر ختم ہوئی۔جس میں ڈائریکٹرزڈاکٹر شہزاد افضل،محمد یٰسین اختر، ڈاکٹر محمد رضوان،آمنہ قاسم،خرم متین ودیگر افسران، عملہ اراکین اور صنعت اور سول سوسائٹی کے نمائندے شامل تھے۔ مارچ کا اصل مقصد معیارات اور ضوابط کی پاسداری کے ذریعہ عوام میں معیار کی اہمیت کی آگاہی بڑھانا تھا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی پی ایس کیو سی اے ڈاکٹر ایچ یو خان نے ادارے کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پی ایس کیو سی اے نے 22,648 قومی معیارات تیار کئے ہیں اور انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار سٹیڈرڈز (آئی ایس او)کے 9,322اور انٹرنیشنل الیکٹروٹیکنیکل کمیشن کے 6,372  معیارات اپنائے ہیں۔ انہوں نے معیارات اور ضوابط کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پی ایس کیو سی اے پاکستانی مصنوعات کو انٹرنیشنل معیار تک لانے کیلئے انڈسٹری کو ہرممکن تکنیکی رہنمائی فراہم کر رہا ہے کیونکہ اقتصادی ترقی کیلئے  درآمدات میں اضافہ ناگزیر ہے۔ ڈاکٹر ایچ یو خان نے گورنمنٹ کی پالیسی ’کاروبار میں آسانی‘ کیلئے انڈسٹری کو بہترین ماحول فراہم کرنے پر بھی زور دیا۔ڈی جی نے غیر قانونی، غیر لائسنس اور غیر معیار ی مصنوعات کے خلاف ایک سخت کریک ڈاؤن کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائیگی اورمارکیٹ میں صرف پی ایس کیو سی اے کی رجسٹرڈ مصنوعات کو فروخت کرنے کی اجازت دی جائے گی جبکہ غیر قانونی مصنوعات کو ضبط کرلیا جائے گا۔