گوجر خان ،29 اکتوبر (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ نے راولپنڈی کی پہلی سبزی و فروٹ منڈی کا افتتاح کر دیا۔سبزی و فروٹ منڈی یونین کونسل راوت مین جی ٹی روڈ نزد چک بیلی موڑ کے مقام پر قائم کی گئی ہے۔سبزی منڈی 20 کنال رقبے پر محیط ہے۔
اس موقع پر کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی میں باقاعدہ بولی کا آغاز 30 اکتوبر بروز پیر سے ہو گا۔سبزی و فروٹ منڈی کا قیام وزیراعلی پنجاب کا عوام اور کسان دوست پروگرام کا حصہ ہے۔راولپنڈی میں پہلی سبزی و فروٹ منڈی کا قیام زرعی تجارت کو علاقائی سطح پر فروغ دے گا۔پہلی سبزی و فروٹ منڈی کے قیام سے راولپنڈی کی 30 لاکھ آبادی مستفید ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ روات کے قریب سبزی منڈی کے قیام سیراولپنڈی کے مضافات اور دور دراز علاقوں میں سبزی وفروٹ کی سپلائی کرنے والوں کو آسانی ہوگی۔ سبزی و فروٹ منڈی کے قیام سے راولپنڈی کے شہریوں کا درینہ مطالبہ پورا کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ عوام کی آسانی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ راولپنڈی بہت بڑا شہر ہے اسے سبزی و فروٹ منڈی کی اشد ضرورت تھی۔ سبزی منڈی کے قیام سے راولپنڈی کے مقامی لوگوں کو روزگار ملے گا۔ راولپنڈی کے لوگوں کو اسلام آباد سبزی و فروٹ منڈی جانے کے لیے بہت لمبا سفر کرنا پرتا تھا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیشل سیکرٹری ایگریکلچر سیدہ کلثوم حئی نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈی کا قیام راولپنڈی کے شہریوں کے لیے خوش آئند ہے۔سبزی و فروٹ منڈی کا قیام حکومت پنجاب کی عوام دوست پالیسی کا مظہر ہے۔
کمشنر نے راولپنڈی کے شہریوں کے لیے سبزی و فروٹ منڈی کے قیام کے لیے بہت زیادہ کوشش کی جو قابل تعریف ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر ایگریکلچر ایکسٹینشن راولپنڈی شاہد بخاری سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔