گھوٹکی؛ویل چیئر کرکٹ انٹرلوپ ایشیا کپ کے فاتح کھلاڑی ساجد عباسی کا آبائی شہر پہنچے پر شاندار استقبال

27

گھوٹکی،17اکتوبر(اے پی پی):انٹرنیشنل ویل چیئر کرکٹ انٹرلوپ ایشیا کپ جیتنے کے بعد ٹیم کے کھلاڑی ساجد عباسی کا آبائی شہر اوباڑو پہنچنے پر  ٹاون انتظامیہ اور شہریوں کیجانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

نیپال میں ہونے والےانٹرنیشنل ویل چیئر انٹرلوپ ایشیا کپ میں پاکستان ویل چئیر کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کا شکست دیکر کامیابی حاصل کی تھی۔ ویل چیئر ٹیم کے کھلاڑی ساجد عباسی کا آج  آبائی شہر اوباڑو پہنچنے پر ٹاون انتظامیہ اور شہریوں کی جانب سے پر تپاک استقبال کیا گیا،شہریوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔

 ویل چیئر کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی ساجد علی عباسی نے نیپال میں ہونے والے انٹرلوپ ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دیکھاتے ہوئے بنگلہ دیش کے خلاف 30 گیندو پر 11 چوکے لگا کر نصف سنچری کے ساتھ 59 رنز بنا کر نمایا رہے اور مین آف دی میچ قرار پائے تھے۔

اس موقع پر ساجد علی عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ ویل چیئر نے دوسری مرتبہ ایشیا کپ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا ہے،ایشیا کپ میں بھارت کو شکست دیکر گھر روانہ کیا، ویل چیئر ایشیا کپ کی جیت پورے پاکستان کی جیت ہے، پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان نے ویل چیئر کرکٹ ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔

ساجد علی عباسی نے کہا کہ ہم نے معذوری کو مجبوری نہیں سمجھا، ہمارے حوصلے بلند ہیں، اپنی ٹیم کے کپتان اور انتظامیہ کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھے ٹیم میں شامل کرکے کھیلنے کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبائی شہر پہنچنے پر میرا استقبال کرنے اور حوصلہ افزائی کرنے پرانتظامیہ اور شہریوں کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔