ہر پاکستانی بچے کو اپنے تعلیمی سفر میں کامیابی کے لیے درکار تعاون اور وسائل ملیں گے؛ سیکریٹری تعلیم وسیم اجمل

29

اسلام آباد،26اکتوبر (اے پی پی): سیکریٹری تعلیم وسیم اجمل نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی بچے کو اپنے تعلیمی سفر میں کامیابی کے لیے درکار تعاون اور وسائل ملیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیسلیکسیا بل کی تقریب رونمائی سے خطاب میں کیا۔سیکریٹری تعلیم نے ڈیسلیکسیا بل کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس بل کے نفاذ کے ساتھ ہمارا مقصد یہ ہے کہ ہر بچہ اپنے سیکھنے کے فرق سے قطع نظر ہو کر مدد اور وسائل حاصل کرے جن کی انہیں اپنے تعلیمی سفر کو کامیاب کرنے کے لیے ضرورت ہے۔

 وسیم اجمل نے حکومت، ماہرین تعلیم اور معروف تنظیم آئیڈیاز کے درمیان باہمی تعاون پر بھی روشنی ڈالی۔ اس مشترکہ کوشش کے نتیجے میں ایک شاندار پائلٹ پراجیکٹ بھی ہوا۔ اس مطالعہ نے ڈیسلیکسیا کے شکار طلباء کی منفرد ضروریات کے بارے میں قیمتی بصیرت پیدا کی۔

 اس موقع پر سیکریٹری تعلیم کو بریفنگ دی گئی کہ وزارت تعلیم ایف پی ایس سی کے ساتھ اسسمنٹ کے طریقہ کار کو ڈیسلیکس امیدواروں کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لیے تعاون کر رہی ہے۔ اسی طرح ایف ڈی ای وفاق کے سرکاری سکولوں اور کالجوں میں تمام ڈیسلیکس طالب علموں کے لیے خاص تشخیصی نظام کو بھی اپنائے گا۔ مزید برآں نیشنل بک فائونڈیشن نے 1-5 گریڈ کے درمیان ڈیسلیکس طالب علموں کے لیے ایک خصوصی نصاب تیار کیا ہے۔

سیکریٹری تعلیم کو بتایا گیا کہ وزارت تعلیم ایک پائلٹ پراجیکٹ کے انعقاد کے بعد دارالحکومت کے علاقے میں تمام ڈیسلیکسک طلباء کے لیے اپنی مدد کے دائرہ کار کو بڑھا رہا ہے۔ ڈیسلیکسیا بل جسے 2022 میں منظور کیا گیا تھا، وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت کی ثابت قدمی کی مثال ہے۔