ہماری حکومت نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کئی اقدامات کئے؛ مولانا فضل الرحمن

12

 

خوشاب،02اکتوبر(اے پی پی):پی ڈی ایم کے سربراہ اور جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے کئی اقدامات کئے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اور ملک کی معیشت کو درست سمت پر لگایا۔

وہ جوہرآباد میں جے یو آئی (ف) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ ریاست کو امن اور خوشحال معیشت کی ضرورت ہے اور یہی چیزیں ملک کو متحد اور منظم رکھ سکتی ہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ جو خفیہ معاہدے کئے اور جن دستاویزات پر دستخط کئے ان کے نتیجہ میں ان کے بعد آنیوالی حکومت کو انتہائی مشکل فیصلے کرنا پڑے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جے یو آئی کا ماضی گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ اصولوں کی سیاست کی ہے اور ذاتی مفادات کیلئے اپنی سیاسی اور مذہبی اقدار کو کبھی بھی پامال نہیں ہونے دیا۔ اُنھوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام کو اپنے ووٹ کا فیصلہ نئے زاویے سے کرنا ہوگا، ماضی میں ہمیشہ سیاسی جماعتوں نے عوام کو خوش کن نعروں کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ جے یو آئی اﷲ کی زمین پر خدا کے نظام کے نفاذ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ جب تک ہم قرآن و سنتﷺ کو اپنا رہنما نہیں مانیں گے اور اس کے مطابق اپنی معاشی پالیسیوں کو نہیں بنائیں گے اس وقت تک ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکے گا۔