ڈیرہ غازی خان،21 نومبر (اے پی پی):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ عوام کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ان کے مسائل کے حل کے لیے پولیس اپنا کردار ادا کرتی رہے گی،کسی شہری کے ساتھ زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلی کچہری کے دوران شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
آر پی او نے کہا کہ عوامی مسائل کی براہ راست سماعت اور مسائل کے فوری حل کے لیےمیرے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جاتا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف مل سکے اور پولیس سے متعلقہ شکایات کو بھی دور کیا جا سکے۔
کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے کہا کہ میرے دفتر کے دروازے ہروقت کھلے ہیں ،کسی کو سفارش کی ضرورت نہیں ،کھلی کچہری میں سماعت کی گئی سائلین کی تمام درخواستوں کو مقررہ کردہ وقت میں مکمل کرکے فالو اپ لیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی دادرسی اور انصاف کی فراہمی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے گا اور کسی بھی شہری کے ساتھ زیادتی ہر گز برداشت نہیں ہے۔کھلی کچہری میں آر پی او نےریجن کے چاروں اضلاع ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ سے آنے والے سائلین کی درخواستوں کو سماعت کر کےموقع پر متعلقہ ڈسٹرکٹ اور افسران کو مسائل کے فوری حل کیلئے بذریعہ فون حسب ضابطہ کارروائی کے احکامات جاری کیے۔