کوئٹہ،07نومبر( اے پی پی ): نگراں صو بائی و زیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ اب تک چمن باڈر سے 66ہزار تارکین وطن کو افغانستان بھیجا گیا ہے، افغان حکام کی جانب سے تارکین وطن کے حوالے سے تنقید بلاجواز ہے، حکومت نے اس حوالے سے بہترین انتظامات کئے گئے جو کہ عالمی اصولوں کے مطابق ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں نگراں صو بائی و زیر صحت امیر محمد جوگیزئی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا۔جان اچکزئی نے کہا کہ 26ہزار تارکین وطن سندھ سے لائے گئے ان کو بھی یہاں سے بحفاظت روانہ کیا گیا، نگراں حکومت کے جانے کے بعد بھی تارکین وطن کے خلاف کارروائی کا سلسلہ جاری رہے گا ہم نے آنے والے حکومتوں کے لئے ایک روڈ میپ بنا دیا ہے بعض سیاسی پارٹیوں کی جانب سے تنقید کو مسترد کرتے ہیں جس نے ملک کی آئین کو توڑا ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
نگراں صو بائی و زیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ ملک کے مخالفین پاکستان کے بہتر حالات کو دیکھ کر گھبرا گئے ہیں، پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان مہاجرین معیشت پر بوجھ ہے، ان کو اپنے ملک کی ترقی خوشحالی میں کردار ادا کرنا چاہے ہیں جبکہ جانے والے تارکین وطن کے لئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں بلوچستان سے مزید ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن کو بھیجا جائے گا۔
اس موقع پر نگراں صوبائی و زیر صحت امیر محمد خان جو گیز ئی نے کہا کہ کانگو وائر کے حوالے سے ایمر جنسی نافذ کی گئی ہے، پہلے بھی بلوچستان میں کانگو وائرس کے کیسز سامنے آتے رہے ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ یہاں کے لوگوں کا ذریعہ معاش مال مویشی کے کاروبار سے منسلک ہونا ہے مگر کانگو وائرس مکمل طور پر کنٹرول میں ہے حکومت نے ہسپتال میں متاثر ہونے والے عملے کے دس افراد کو علاج کے کراچی منتقل کیا گیا جن میں سے دو افراد کی حالت نازک ہے سول ہسپتال کے متاثرہ کے علا قے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے، متاثرہ علاقے اور وارڈز کواسپرے بھی کیا گیا ہے حالات مکمل کنٹرول میں ہے۔