اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے ، پیغام پاکستان محبت وامن پھیلانے کی دستاویز ہے؛ انیق احمد

28

لاہور،26نومبر  (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے ،پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ، پیغام پاکستان محبت اور امن پھیلانے کی دستاویز ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں” قومی پیغام پاکستان امن کانفرنس” سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔ نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ علماء کو قومی اتحاد اور یگانگت کیلئے کام کرنا ہو گا، علماء ہمارے معاشرے کے رہنما ہیں،پیغام پاکستان میں ہزاروں علماء کی تائید و کاوش شامل ہے ،علماء کرام ہمارے انبیاء کے وارث ہیں، پیغام پاکستان محبت اور امن پھیلانے کی دستاویز ہے، صاحب علم وہی ہوتے ہیں جن کے دل میں اللہ کی خشیت ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اللہ  اور اس کے رسولۖ کی اطاعت ہی ہماری کامیابی کی کنجی ہے ، ہر مقام پر سچا رہنا دین کو مطلوب ہے ،پاکستان میں تمام مذاہب کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔

 نگران وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ ہم نے حج کے اخراجات میں ایک لاکھ روپے پیکج کم کر دیا، کبھی پاکستان کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا کہ آنے والا حج پچھلے حج سے سستا ہو۔ انہوں نے کہا کہ  ہم نے پیغام پاکستان کے ذریعے  پاکستان کے چہرے کو خوبصورت بنا نا ہے، ہر دین کی اپنی اپنی تعبیریں ہوتی ہیں، حضور ﷺنے فرمایا کہ میری امت میں اختلاف رائے رحمت ہے لیکن یہ اختلاف علمی ہونا چاہیے۔

 انہوں نے کہا کہ دین کیلئے جان لینا بڑا آسان ہوتا ہے لیکن حالات حاضرہ میں دین کے لیے جان دینا مشکل ہوتا جا رہا ہے، دین کیلئے جان کیسے دی جاتی ہے، اپنی زندگی کیسے لگائی جاتی ہے، دین کے لیے دین کی صحیح تعریف اور تعبیر کیسے پیش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قرآن ہمیں یہ تعلیم دیتا ہے، ہمیں جینے کا سلیقہ سکھا دیتا ہے، جو رسولؐ تمہیں دیں وہ لے لو اور جس سے روک دیں رک جائو یہ ہمارا دین ہمیں بتاتا ہے۔

 پیغام پاکستان کے حوالے سے بات کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا قرآن ہے، قبلہ ایک، رسول ختم نبوت پر ہمارا ایمان،جب جڑ میں کفر نہیں ہے تو اس درخت کی شاخوں میں کفر کیسے ہو سکتا ہے ۔ انہوں  نے کہا کہ سچ بولنا کافی نہیں ہوتا بلکہ ہر جگہ اورہر مقام پر سچا رہنا دین کو مطلوب ہے۔