الیکشن کمیشن صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، ہم اس کی مدد کریں گے؛ مرتضیٰ سولنگی

210

الیکشن کمیشن صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا، ہم اس کی مدد کریں گے؛ مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد ،28نومبر (اے پی پی ): نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت الیکشن کمیشن صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لئے اپنی ذمہ داری پوری کرے گا اور ہم اس کی مدد کریں گے۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ آئین کے اندر 280 آرٹیکل موجود ہیں، آئین کے اندر صرف 90 دن میں انتخابات کا آرٹیکل نہیں، اس میں آرٹیکل 254 بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر ایک کو اظہار رائے، شکایت اور تنقید کرنے کی آزادی حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ جو آزادی پاکستان پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتوں کو حاصل ہے وہ مسلم لیگ (ن) کو بھی حاصل ہے، ان کے پاس بھی شکایت کرنے کا اختیار موجود ہے۔

نگراں وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں وزیراعظم نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے حوالے سے گزشتہ رات عوام کو بذریعہ ویڈیو پیغام آگاہ کیا، وزیراعظم کے دورہ کے دوران معاہدے اور مفاہمت کی یادداشتیں طے ہوں گی تو اس حوالے سے میڈیا کو آگاہی مل جائے گی۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے ساتھ میرا احترام کا رشتہ ہے، ان کے بیانات پر تبصرہ نہیں کر سکتا ۔