لاہور،29نومبر ( اے پی پی ): چینی صوبے جیانگ سوپولیس کے آٹھ رکنی وفدنے سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا ،وفد کی سربراہی تھن یونگ شنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ نے کی۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد کا استقبال کیا۔
چیف سیکرٹری نے وفد کونگران وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے وفد کیلئے خصوصی طور پر نیک خواہشات کا پیغام بھجوایا ہے اور کہا کہ چین سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،چین کیساتھ تعلیم، صحت، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔
وفد نے میزبانی پر چیف سیکرٹری پنجاب کا شکریہ ادا کیا،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد نے وفد کو صوبے میں چینی باشندوں کی سکیورٹی کیلئے کئے جانیوالے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ وفد کو سول سیکرٹریٹ میں واقع مقبرہ انار کلی کا دورہ بھی کرایا گیا۔ایڈیشنل آئی جی سلطان چوہدری اور پنجاب پولیس کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔











