ملتان،17نومبر(اے پی پی):امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب کیپٹن(ر) ثاقب ظفر سے ملاقات کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے جنوبی پنجاب کے مسائل، تاریخ اور ثقافت پر مشتمل پروفائل اور سیکرٹریٹ کے قیام کے مقاصد بارے گفتگو کی۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ خطے کی پسماندگی دور کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے اور سیکرٹریٹ کےقیام سے ترقی کی رفتار میں تیزی آئی ہے، عوام کے معیار زندگی اور شرح خواندگی میں اضافہ اور غربت کے خاتمہ کے لئے کاوشیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے جنوبی پنجاب اہمیت کا حامل خطہ ہے اور زرعی پیداوار میں اضافے کے لئے اقدامات کے بہترین نتائج برآمد ہورہے ہیں، جنوبی پنجاب میں زراعت اور لائیو سٹا ک کے شعبے میں وسیع پوٹینشل موجود ہےاور کہا کہ موسمیاتی تبدیلی بارے سکولوں میں گرین بک کا اجراء اور ٹرانسجینڈر سکولوں کاقیام سیکرٹریٹ کے امتیازی اقدامات ہیں اور سکولوں کے مابین سکول اولمپکس گیمز کے انعقاد کو بہت پذیریائی حاصل ہوئی ہے اور یہ خطے کا ایک بہت پاپولر ایونٹ بن گیا ہے۔
کیپٹن(ر) ثاقب ظفر نے بہاولپور میں منعقد ہونے والے جنوبی پنجاب کی تاریخ کے پہلے کشتی رانی کے مقابلوں کے انعقاد کے بارے بھی بتایا اور کہا کہ آئندہ پورے پنجاب کی سطح پر کشتی رانی کا مقابلہ کرایا جائے گااور کہا کہ چولستان کے تاریخی قلعوں کو ان کی اصل حالت میں بحالی کا پلان تیار کیا گیا ہے اور انہوں نے چولستان ڈیزرٹ جیپ ریلی اور تھل جیپ ریلی بارے بھی بریفنگ دی۔
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے گرین بک کے اجراء اور ٹرانسجینڈ سکولوں کے قیام کو شاندار اقدام قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور فوڈ سیکیورٹی بین الاقوامی ایشوز ہیں جن سے نمٹنے کے لئے انٹرنیشنل سطح پر اجتماعی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی غذائی ضروریات پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ امریکی سفیرنے تاریخی شہر ملتان کا دورہ کرنے پر خوشی کا اظہار کیا اور میزبانی پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔
سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نے زراعت کے شعبے میں اٹھائے گئے اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساؤتھ پنجاب نے امریکی سفیر کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
قونصل جنرل کرسٹائن ہاکنز، اکنامک آفیسر ڈگلس جاسٹن اور پبلک ڈپلومیسی آفیسر کارل روجرز، سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل،سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکندری ہیلتھ مہر محمد حیات لک، سیکرٹری سروسز انجینئر امجد شعیب خان ترین اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر افضل ناصر خان بھی ملاقات میں موجود تھے۔