انتظامی محکموں میں فائل ورک کو پیپر لیس بنانے کے لئے “کے پی ڈیجیٹل ورک اسپیس” کے نام سے ای گورننس پلیٹ فارم کاافتتاح

7

پشاور، 09 نومبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا حکومت نے ای گورننس کی جانب ایک اور سنگ میل عبور کرلیا ، صوبے کے انتظامی محکموں میں فائل ورک کو پیپر لیس بنانے کے لئے “کے پی ڈیجیٹل ورک اسپیس” کے نام سے ای گورننس پیلٹ فارم کا باضابطہ اجراءکردیا گیا ہے ، اسی طرح صوبائی محکموں کی ڈیجیٹلائزیشن میں خیبرپختونخوا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں نگران وزیر اعلیٰ محمد اعظم خان نے “کے پی ڈیجیٹل ورک اسپیس” کا باضابطہ اجراءکیا۔ نگران کابینہ اراکین کے علاوہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پی اینڈ ڈی سید امتیاز حسین شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں، پراجیکٹ ٹیم ممبرز اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی تقریب میں شرکت کی۔

قبل ازیں تقریب کے شرکاءکو ای گورننس سسٹم (کے پی ڈیجیٹل ورک سپیس) کے بارے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بنیادی طور پر 4انتظامی محکموں سے اس سسٹم کا اجراءکیا جا رہا ہے جن میں فنانس، اعلیٰ تعلیم ، اسپورٹس اور سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شامل ہیں جبکہ 2ماہ کے بعد سٹم کو مرحلہ وار باقی ماندہ انتظامی محکموں تک توسیع دی جائے گی۔ پہلے دو ماہ دونوں سسٹم (مینول اور ڈیجیٹل) ایک ساتھ چلائے جائیں گے اور اس کے بعد محکموں کے تمام فائل ورک اور روزمرہ امور کو مکمل طور پر ڈیجیٹل سسٹم پر منتقل کر دیا جائے گا۔ اس نئے سسٹم کے نفاذ سے سرکاری امور کی انجام دہی کے سلسلے میں وقت اور وسائل دونوںکی خاطر خواہ بچت ہو گی، شفافیت کو فروغ ملے گا اور محکموں کی استعداد کار میں اضافہ ہو گا۔

 تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ای گورننس سسٹم پر عملدرآمد کے لئے کے پی ڈیجیٹل ورک اسپیس کا اجراءایک بہت بڑی کامیابی ہے ، ای گورننس کے تصور کو عملی جامہ پہنانے پر محکمہ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی، کے پی آئی ٹی بورڈ اور دیگر شراکت دار ادارے داد کے مستحق ہیں ۔