اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں جو ترسیلات زر بھیج کر ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں؛گورنر پنجاب

56

لاہور،3نومبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا اثاثہ ہیں جو ترسیلات زر بھیج کر ملکی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

ان خیالات کا  اظہار انہوں نے سعودی عرب سے آئے اوورسیز پاکستانیوں کے وفد سے  گفتگو میں کیا، جنہوں نے    جمعہ کو یہاں  گورنر ہائوس لاہور میں گورنر  سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران  وفد نے پاکستان میں بہتر ہوتے سیاسی اور معاشی حالات پر خوشی کا اظہار کیا۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے  کہا کہ سیلاب ہو یا زلزلہ ملک پر جب بھی مشکل وقت آیا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ہمیشہ آگے بڑھ کر اپنے ہم وطنوں کی مدد کی ہے۔انہوں  نے کہا کہ ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام روشن مستقبل کی نوید دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایک بار پھر انشا اللہ ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہو گا۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتی ہے۔

گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ جامعات میں نوجوانوں کی کردار سازی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں  نے کہا کہ بطور چانسلر سرکاری اور نجی جامعات میں کردار سازی پر کنسورشیم بھی بنایا گیا ہے۔

اس موقع پراوورسیز پاکستانی وفد نے پاکستانی نجی و سرکاری یونیورسٹیوں کے کیمپسز سعودی عرب میں کھولنے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستانی جامعات کے کیمپسز قائم کرنے سے بڑی تعداد میں مقیم پاکستانی اور کئی دوسرے ممالک آئے بچوں کی تعلیم میں آسانیاں پیدا کی جا سکتی ہیں۔

اوورسیز پاکستانی وفد میں مہر عبدل الخالق،مہر اکرام لک،ملک شاہد حسین، ملک علی حسین، رانا عبداللہ اشرف، کاشف نواز رندھاوا اور ملک اصغر شامل تھے۔