اوکاڑہ؛اوور لوڈنگ سے سڑکوں کی تباہی کی صورت میں ملکی معیشت کو بدترین نقصان پہنچتا ہے،ایس پی موٹر وے پولیس

27

اوکاڑہ،10نومبر(اے پی پی): اوور لوڈنگ سے سڑکوں کی تباہی کی صورت میں ملکی معیشت کو بدترین نقصان پہنچتا ہے ، لہٰذا یہ ضروری ہے کہ گاڑی مالکان اور عملہ قانون کے مطابق وزن کو یقینی بنائیں،قومی شاہراہوں پر ایکسل لوڈ کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار ایس پی موٹروے پولیس اوکاڑہ شہباز عالم نے گڈز ٹرانسپورٹ یونین کے وفد سے ملاقات میں کیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے ملک بھر میں حکومتی پالیسی کے مطابق ایکسل لوڈ کے قانون پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکٹر کمانڈر ایس پی موٹروے پولیس نے پاکستان گڈزٹرانسپورٹ یونین کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا کہ قانون پر عملدرآمد کرنے سے ہی گاڑیوںاور سڑکوں کو بچایا جا سکتا ہے۔ایکسل لوڈ کنٹرول کے حوالے سے موٹروے پولیس کی جانب سے بھرپور آگاہی مہم جاری ہے۔ اس سلسلے میں مال بردار گاڑیوں کے مالکان اور یونین نمائندوں کو اعتماد میں لینے کے ساتھ آگاہی کیلئے موٹروے پولیس کے بیٹ کمانڈرز اور موبائل ایجوکیشن یونٹ بھی مصروف عمل ہیں۔