اٹک،31اکتوبر(اے پی پی):حکومت پنجاب نے اٹک میں غیر قانونی مقیم باشندوں کی وطن واپسی کیلئے دو کیمپ قائم کیے ہیں ،یہ کیمپ گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی اٹک اور گورنمنٹ شجاع خانزادہ ڈگری کالج حضرو میں قائم کیے گئے ہیں جہاں غیر قانونی اور غیر دستاویزی تارکین وطن کو ملک بدری سے قبل رکھا جائے گا۔
کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے ریجنل پولیس آفیسر راولپنڈی سید خرم علی کے ہمراہ منگل کو ان عارضی کیمپوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر راؤ عاطف رضا نے ایس پی انویسٹی گیشن جویریہ محمد جمیل ، اے سی حضرو کامران اشرف اور اے سی اٹک شگفتہ جبین بھی اس موقع پر موجود تھے۔
کمشنر و آر پی او کو کیمپوں میں قیام و طعام اور سیکورٹی کے انتظامات کے بارے میں علیحدہ علیحدہ بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر آر پی او سید خرم علی نے کیمپس کے سیکورٹی انتظامات کو چیک کیا اور متعلقہ افسران کو اس سلسلے میں مناسب احکامات جاری کئے۔