فیصل آباد، 02 نومبر (اے پی پی):نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ(این آئی ایم) اسلام آبادکے فیکلٹی ممبر محمد عمران کی سربراہی میں 38ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (ایم سی ایم)کے شرکاءنے جمعرات کو فیصل آباد کا دورہ کیا۔ دورے کے آغاز میں مختلف محکموں کے16 رکنی وفد نے کمشنر آفس، آر پی او آفس، جامعہ زرعیہ فیصل آباد، مسعود ٹیکسٹائل ملز اور ریجنل ٹیکس آفس فیصل آباد کے مطالعاتی دورے کئے۔
کمشنر آفس پہنچنے پر کمشنر سلوت سعیداورڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیئرشیخ نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔ کمشنر نے وفد کو فیصل آباد ڈویژن کے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی اور انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر سلوت سعید نے وفد کو فیصل آباد کی تاریخ، ارتقا اور ترقی کے اہم ادوار کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں جاری عوامی فلاح و بہبود کے سرکاری منصوبہ جات سمیت مالی اور انتظامی امور پر بھی روشنی ڈالی۔
کمشنر نے فیصل آباد کی ترقی کیلئے مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں رنگ روڈ، اربن ٹرانسپورٹ، آئی ٹی یونیورسٹی اور سپورٹس سینٹر وغیرہ کے بارے میں بھی ایم سی ایم کورس کے وفد کو آگاہ کیا۔کمشنر نے فیصل آباد کے مسائل اور چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے وفد کو بتایا کہ توانائی، ڈالر اور روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ، غیر تربیت یافتہ افراد اور غیر ملکیوں کی سکیورٹی وغیرہ جیسے اہم مسائل ہیں جن سے ہم نبرد آزما ہو رہے ہیں۔
انہوں نے زراعت،تعلیم،مذہبی ہم آہنگی،صحت کے بارے میں تمام جاری اقدامات اور مستقبل کے چیلنجز سے بھی وفد کو آگاہ کیا۔
مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے وفد نے کمشنر سے مختلف امور بارے سوالات کئے جن پر کمشنر نے مطالعاتی وفد کو تفصیلاًَآگاہی اور معلومات فراہم کیں۔ ایک سوال کے جواب میں کمشنر نے سانحہ جڑانوالہ پر وفد کو سیر حاصل آگاہی،واقعہ کے محرکات اور انتظامیہ کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ اس سانحہ سے ہم سب کو یہ سبق ملتا ہے کہ ہم نہ صرف مذہبی ہم آہنگی، رواداری اور برداشت کو فروغ دیں بلکہ سب سے بڑھ کر یہ کہ ہم اپنے بچوں کو تعلیم کے ذریعے رواداری اور برداشت سکھائیں تاکہ معاشرے میں رواداری اور برداشت کا کلچر پروان چڑھے اور بین المذاہب نفرت و عدم برداشت کا خاتمہ کیا جا سکے۔