بارہ سال پہلے تھرپارکر کے ریگستان میں کوئی آنے کیلئے تیار نہیں تھا،ہم نے بہت بڑی جدوجہد کی، تعلیمی ادارے دیئے، صحت کی سہولیات فراہم کیں؛ بلاول بھٹو زرداری

29

 

تھرپارکر، 13 نومبر (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 12 سال پہلے تھرپارکر کے ریگستان میں کوئی آنے کے لیئے تیار نہیں تھا،ہم نے بہت بڑی جدوجہد کی، تعلیمی ادارے دیئے، صحت کی سہولیات فراہم کیں، روزگار دیئے، ہم نے شہید بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو چلایا،تھرکول بینظیر بھٹو کا خواب تھا جس پر عملی کام کیا، تھرکول بلاک ٹو میں انجنیئر سے لے کر ڈرائیور تک 20 ہزار لوگوں کو روزگار ملتا ہے۔

انہوں نے  یہ باتیں ” دیوالی” کے موقعے پر تھرپارکر کے اقلیتوں سے یکجہتی کے طور پر مٹھی پہنچ کر کہیں۔ جہاں بڑی تعداد میں عوام  نےپہنچ کر بلاول بھٹو زرداری کا استقبال کیا اور شکریا ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اقلیتوں کی نمائندگی نہیں کرسکتی، دنیا میں انڈیا پاکستان کی کردار کشی کرتا ہے اور میں تھرپارکر کا مثال دیتا ہوں، ان کی کردار کشی اور تنقید کا جواب تھرپارکر کا عوام ہے،  ہم نے مزدور اور کسان کو طاقت ور بنایا،  آپ اور میں مل کر انقلابی کام کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ  ہم بینظیر بھٹو انکم سپورٹ پروگرام کے کارڈ کے طور پر مزدور اور کسان کارڈ متعارف کروا رہے ہیں، ان کے بچوں کی تعلیم اور صحت کی ذمہ داری لیتے ہیں انشاء اللہ ان کے بچوں کو مفت تعلیم اور روزگار دلوائیں گے،جبکہ تک کسان اور مزدوروں کے بچوں کو روزگار نہیں ملے گا ملکی معیشت مضبوط نہیں ہوگی،ہمارا بڑا مخالف بیروزگاری اور مہنگائی ہے جس کے خلاف آپ کے ساتھ مل کر لڑیں گے، جب تک غربت رہے گی ہمارا روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ برقرار رہے گا۔

 انہوں نے کہا کہ اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست اور عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہے۔ یہ پیپلز پارٹی کے چند بنیادی اصول ہیں،اگر یہ ہی جذبہ برقرار رہا تو 8 فروری کو  عوام کی جیت، پیپلز پارٹی کی جیت اور تیر کی جیت  یقینی ہوگی۔

جلسے سے  ڈاکٹر مہیش ملانی، سید مراد علی شاہ ، نثار احمد کہڑو، فقیر شیر محمد بلالانی، انجنیئر گیانچند، ارباب لطف اللہ اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کیا۔