لاہور، 4 نومبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے ہیڈ آفس الفلاح بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر بنایا جائے گا اور دسمبر کے مہینے میں وزیراعلیٰ پنجاب اس کا افتتاح کریں گے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے لیے مقرر، اب سرمایہ کاروں کو نئی فیکٹریاں لگانے کے لیے این او سی اور دیگر سہولیات ایک ہی چھت تلے ملیں گی۔ انھوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر صوبے میں نئی سرمایہ کاری لانے کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آپریشنل ریویو کمیٹی اور سٹیئرنگ کمیٹی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کی کارکردگی کی نگرانی کرے گی۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ سیکرٹری انڈسٹریز اینڈ کامرس کی سربراہی میں آپریشنل ریویو کمیٹی میں چیمبر کے نمائندے شامل ہیں۔ کامرس اینڈ انڈسٹری کے افسران اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس کا حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔
صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کاروباری سہولت کاری کے حوالے سے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری صنعت و تجارت اجلاس میں کامرس، ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر PSIC، فوکل پرسنز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔