ملتان, 10 نومبر (اے پی پی):گورنر پنجاب و چانسلر محمد بلیغ الرحمان نے بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی کے اٹھارویں کانووکیشن کی صدارت کرتے ہوئے 370 طلباءوطالبات کو گولڈ میڈلزاور75 پی ایچ ڈی سکالرزکو ڈگریاں ایوارڈ کیں۔کانوو کیشن میں سال 2019 کے 5829 اور سال 2020 کے 5950 گریجویٹ طلباءوطالبات کو ڈگریاں ایوارڈ کی گئیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارے ملک کا اصل سرما یہ اسکے نوجوان ہیں،انکی تربیت اوراقداربہت اہمیت کی حامل ہیں، ہمیں وقت کی قدر کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیاں اپنے 5 سال کا کیلنڈر تیار کریں کیونکہ جامعات کا اولین مقصد تحقیق کرنا ہے، طلبہ وطالبات کو اس بات پر تیار کرنا ہوگا کہ تحقیق کے بعد یقین کرنا ان کا اولین مقصد اور اپنے ہر معاملہ کو احسن طریقے سے کرنا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان اعلیٰ صلاحیتوں کے مالک ہیں اوراساتذہ علم وفنون پہنچانے کا ذریعہ ہیں۔طلبا سے مخاطب ہوتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ترقی صرف ڈگریوں سےمشروط نہیں بلکہ آپ کی تربیت،اقدار،خاندانی روایات اوروقاربھی بہت اہمیت کے حامل ہیں۔گو ر نرپنجاب نےاس موقع پرکہا کہ لیڈر ہمیشہ مخلص اور دیانتدار ہوتے ہیں ،ہمیں دوسروں کی اچھائیاں اور اپنی خامیاں دیکھنا ہیں، معاشرے کی خرابیاں دیکھنا اور ان کو ٹھیک کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 2013 سے 2018 تک یونیورسٹیوں کو سب سے زیادہ فنڈنگ کی گئی،آپ نوجوانوں نے اپنے مقاصد کو ہمیشہ اعلیٰ رکھنا ،اللہ تعالیٰ ، والدین اور اساتذہ ہمارے شکریہ کے مستحق ہیں،ہمیں ٹیکنالوجی اور باہمی تعا ون کی طرف جانا ہے، ہمیں دوسروں کو برداشت اور ان کے نظریات کا احترام کرنا چاہئے۔بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی زیڈ یو جنوبی پنجاب کی سب سے اہم درسگاہ ہے، بی زیڈ یو کے گریجویٹ پاکستان سمیت دنیا بھر میں خدمات انجام دے رہے ہیں، یونیورسٹی میں جدید سبجیکٹس اور پروگرامز کا آغاز کر دیا گیا ہے اور یونیورسٹی اپنے تمام اہداف پورے کر لے گی۔