بی آئی ایس پی ملک کے ضرورت مند گھرانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، چیئرپرسن ڈاکٹر محمد امجد ثاقب

39

 

اسلام آباد۔29نومبر  (اے پی پی):چیئرپرسن  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی  ملک کے ضرورت مند گھرانوں کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پشاور کی سٹی یونیورسٹی مسجد میں بی آئی ایس پی کے ملازمین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے ضرورت مند خاندانوں کی مالی مشکلات کو دور کرنے کی اخلاقی ذمہ داری پر زور دیا اور انہیں غربت سے نکالنے کے لیے حکمت عملی کا خاکہ پیش کیا۔

مستحق خاندانوں کے لیے بی آئی ایس پی کے مستند ڈیٹا کے حامل ہونے پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ ‘مواخات’ کے اصولوں کو  اپناتے ہوئے پسماندہ خاندانوں کی مدد کریں۔ انہوں نے ضرورت مند خاندانوں کی فلاح و بہبود کے لیے وقف فنڈ کے قیام کی تجویز پیش کی۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر امجد ثاقب نے غریب خاندانوں کے بچوں کو تکنیکی مہارت کے شعبوں سے منسلک کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے وظائف  کی ادائیگی کے لیے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) ایجنٹوں کے ساتھ بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ پشاور میں بی آئی ایس پی کے تحصیل آفس کے دورے کے دوران ڈاکٹر امجد ثاقب نے ضرورت مند خواتین سے ملاقات کی، عملے کو دستیاب وسائل کو استعمال کرتے ہوئے سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ دفاتر میں صفائی کے معیار کو برقرار رکھیں، ضرورت مند خواتین کے ساتھ حسن سلوک کا مظاہرہ کریں۔ اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ایک مثالی ادارہ بنانا ہمارا فرض ہے۔ ڈاکٹر امجد ثاقب نے سٹی یونیورسٹی پشاور میں طلباء سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے مجموعی ترقی کے لیے روایتی تعلیم اور عملی تربیت دونوں کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب افراد کا تجربہ اور پیشہ ورانہ طریقہ کاروبار کی ترقی میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔