تھرپارکر،6 نومبر( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبد الحلیم جاگیرانی نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کراچی سے 38 ویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے مطالعاتی دورہ آئے افسران سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع تھرپارکر معدنی وسائل کے اعتبار سے مالا مال ہے۔
یہاں بلین آف ٹن کوئلہ ، چائنا کلی مٹی، مختلف قسم اور کلرز کے گرینائیٹ، نمک کی کانیں اور دیگر معدنیات موجود ہیں۔ ضلع میں اس وقت تھرکول سے متعلق دو بلاکس پر کام جاری ہے، جس سے کوئلہ نکال کر بجلی پیدا کی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ضلع پچھلے 25 سالوں سے پولیو فری ہے اور صحت کے شعبے میں سول ہسپتال سمیت امراض قلب کے لیے این آئی سی وی ڈی اور ایمرجنسی میں ایمبولینسز کی سہولیات بھی دستیاب ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی لحاظ سے بھی ضلع تھرپارکر میں این ای ڈی یونیورسٹی، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور دیگر سہولیات موجود ہیں جبکہ تھرپارکر کی زیادہ تر آباری کا گذر سفر لائیو اسٹاک پر محیط ہے یہ ہی وجہ ہے کہ یہاں بڑی تعداد میں لائیو اسٹاک موجود ہیں۔
تھرپارکر میں سفری سہولیات اور تفریحی سہولیات بھی موجود ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے وفد کو ضلع تھرپارکر کے تاریخی وثقافتی،سیاحتی، معاشی ، انتظامی پہلووں اور درپیش چیلنجوں سے متعلق بھی تفصیلی طور پر آگاہی فراہم کی۔