جوہرآباد ،3نومبر( اے پی پی ): حکومت پاکستان کی ہدایت کے مطابق ضلع خوشاب میں بھی غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلاءکی پالیسی پر سختی سے عملدررآمد کروایا جا رہا ہے۔
سروے کے مطابق ضلع بھر میں 167 غیر ملکی افراد جن کا تعلق افغانستان سے ہے ضلع خوشاب میں مقیم تھے۔ ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے بتایا کہ سروے کے مطابق 167 غیر ملکی افراد جن کا تعلق افغانستان سے ہے ضلع خوشاب میں مقیم تھے، جن میں سے 140 افراد حکومتی ڈیڈ لائن سے قبل واپس اپنے وطن چلے گئے جبکہ 27 افراد بعد از رجسٹریشن عدالتی حکم پر یہاں مقیم ہیں۔
ضلعی انتظامیہ خوشاب نے غیر ملکیوں کے انخلاء کے لیے جوہر آباد میں ہولڈنگ سینٹر قائم کیا ہے۔ ہولڈنگ سینٹر میں دیگر اضلاع سے آئے ہوئے غیر قانونی آٹھ افراد مقیم ہیں جنہیں قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ان کے آبائی وطن روانہ کر دیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ خوشاب کی جانب سے ہولڈنگ سینٹر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں نیز ہولڈنگ سینٹر میں تمام میونسپل سروسز طبی علاج و معالجہ کھانے پینے کا بہترین انتظام اور دیگر ادارے اپنی اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر خوشاب محمد اعجاز ملک اس سارے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔