حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ کے سالانہ عرس کی تقریبات کاآغاز

21

 

ملتان، 20 نومبر (اے پی پی):حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ کے 710ویں سالانہ عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہوگیا، مخدوم  زین حسین قریشی، مخدوم مرید حسین قریشی نے دربار کو غسل و چادر پوشی کرکے تقریبات کا آغاز کیا۔ قومی شاہ رکن عالم کا نفرنس کی افتتاحی نشست سے مخدوم زادہ زین حسین قریشی، خواجہ غلام قطب الدین فریدی ودیگر علماء و مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت شاہ رکن الدین عالم ؒ کی تعلیمات خدمت خلق‘ فلاح انسانیت اور عشق رسول ؐ سےعبارت ہے،  انہوں نے اپنی ساری زندگی اتحاد امت کے پیغام میں صرف کی۔  اولیاء اللہ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے سے فرقہ واریت اور انتہا پسندی کے رجحانات کو ختم کیا جاسکتا  ہے۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء اللہ کی درس گاہیں امن‘ محبت اوراخوت کا گہوارہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری بہت بڑی خوش قسمتی ہے کہ ہم ایک بار پھر حضرت شاہ رکن الدین عالم کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات میں شامل ہو کر فیوض برکات سے مالا مال ہو رہے ہیں۔