خیبر پختونخوا حکومت کی اہم کامیابی، انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز پشاور کا افتتاح

41

پشاور، 2نومبر(اے پی پی): نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان نے آج پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کا باضابطہ افتتاح کر دیا ہے ، جس کے قیام پر اب تک دو ارب 52 کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

 یہ انسٹیٹیوٹ خیبرپختونخوا میں اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد ادارہ ہے جس میں ایمرجنسی یونٹ، او پی ڈی، آئی سی یو، سائکاٹرک یونٹ، فیملی کونسلنگ، بحالی مرکز سمیت دیگر سہولیات دستیاب ہونگی۔ ابتدائی طور پر انسٹیٹیوٹ میں او پی ڈی سروسز کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ باقی سروسز کا اجراء مرحلہ وار کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ نے انسٹیٹیوٹ کی  افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ سائنسز کا قیام ایک اہم سنگ میل ہے، اس ادارے کا قیام وقت کی ایک اہم ضرورت تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹیٹیوٹ میں ذہنی امراض کا علاج اور دماغی صحت سے متعلق تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، ساتھ ہی ادارے میں منشیات کے عادی افراد کے علاج و بحالی کی سہولیات بھی میسر ہوں گی، جس کیلئے ادارے کو منظم انداز میں چلانے کے لیے الگ سے بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

وزیر اعلی محمد اعظم خان  نے کہا کہ  پوری دنیا میں دماغی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے جو تشویشناک ہے، خیبرپختونخوا سمیت پورے ملک کو بھی اس چیلنج کا سامنا ہے، اسلئے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کا قیام دماغی امراض میں مبتلا افراد کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں  جبکہ پشاور کے اس انسٹیٹیوٹ میں مینٹل ہیلتھ سائنسز سے متعلق مختلف کورسز بھی پڑھائے جائیں گے۔