ڈیرہ غازی خان،17 نومبر (اے پی پی ):ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان اور کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود کی زیر صدارت کمشنر آفس میں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی اور صوبائی کابینہ کے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے متوقع دورہ کے سلسلہ میں اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سمیت دیگر تما م اداروں کے ڈویژنل اور ضلعی افسران شریک ہوئے۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب کے متوقع دورہ کے پیش نظر کیئے گئے سکیورٹی اقدامات اور تمام تر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ آر پی او کیپٹن (ر) سجاد حسن خان نے ترتیب کردہ ڈیوٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرانے اور سخت سیکورٹی اقدامات کو یقینی بنانےاحکامات جاری کئے۔آر پی او نے مزید کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسران آن گراؤنڈ سکیورٹی اقدامات کا خود جائزہ لیں اور فول پروف سکیورٹی کو ہرصورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ داخلی خارجی راستوں اوربین الصوبائی چیک پوسٹوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جائے۔اس موقع پر کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود نے تمام اداروں کے سربراہان کو تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب دورہ کے دوران کسی بھی ادارے کا اچانک وزٹ کر سکتے ہیں اس حوالے سے تما م ادارے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔











