دی کنسیپٹ ٹی ٹین سلیبریٹی کرکٹ لیگ کا انعقاد 4 جنوری سے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا

36

اسلام آباد،24 نومبر(اے پی پی ): دی کنسیپٹ (De’Concepts )  متحدہ عرب امارات  کے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم پر مشہور کرکٹ لیگ دی کنسیپٹ  ٹی ٹین  کرکٹ لیگ (De’Concepts T-10)  کرکٹ لیگ کا انعقاد کرنے جا رہا ہے، جہاں معروف ٹی وی اداکار، گلوکار، فلمی ستارے، نیوز اینکر پرسن جلوہ گر ہوں گے۔ایونٹ کی میزبانی دی کنسیپٹ اور ٹرائی اینگل میڈیا کر رہے ہیں، اس میں 4 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں بنیادی طور پر پاکستان کے 4 بڑے ریجنز (کراچی، لاہور، اسلام آباد اور پشاور) کو پیش کیا جائے گا  جہاں ہر ٹیم کو 3 میچز اور پھر پوائنٹس/رن ریٹ کے مطابق دو سیمی فائنل اور ٹاپ دو ٹیمیں فائنل میچ کھیلیں گی۔

یہ 4 دن کا ایونٹ ہے، 4 جنوری سے 7 جنوری تک پہلے دن کے 2 میچ اگلے دو دن 3،3 میچز بشمول سیمی فائنل اور آخری دن فائنل میچ کھیلا جائے گا۔

دی کنسیپٹ  ٹی ٹین  سلیبریٹی کرکٹ لیگ کے حوالے سے اظہار خیال  کرتے ہوئے سی ای او دانیال اشرف کا کہنا تھا اس لیگ میں پاکستانی  ستاروں کے ساتھ ساتھ انڈین  ستارے بھی حصہ لے رہے ہیں، انڈین فلم اسٹار سلمان خان اپنی ٹیم کے ساتھ شرکت کریں گے۔

پاکستانی فلم اسٹار سلیم شیخ نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد ہونا چاہئے تاکہ کرکٹ کو فروغ مل سکے۔اس ایونٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے سابق کرکٹر عمران نذیر نے کہا کہ وہ کرکٹ کے فروغ کے لئے ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔