ڈیرہ غازی خان 13 نومبر ,(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے ڈیرہ غازیخان رجسٹری برانچ کا اچانک دورہ کر کے انتظامات اوررجسٹری پراسس کا معائنہ کیا۔اس موقع پر انہوں نے برانچ میں موجود شہریوں سے رجسٹری کے عمل کے بارے معلومات لیں۔ڈپٹی کمشنر نے زیرالتوا رجسٹریوں کے حوالے سے سٹاف سے دریافت کیا اور مینوئل، ای رجسٹریوں کو التوا میں نہ رکھنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ رجسٹری برانچ میں کرپشن ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور یہاں آنے والے شہریوں کو ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسفر آف پراپرٹی کے تمام عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شہری رجسٹری برانچ میں کسی قسم کی کرپشن کی انہیں اطلاع دیں،فوری ایکشن لیا جائے گا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمداسدچانڈیہ،سب رجسٹرار محمودالحسن ان کے ہمراہ تھے۔